ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / کاویری تنازع:کرناٹک کے کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے کیا وزیر اعظم سے مداخلت کا مطالبہ

کاویری تنازع:کرناٹک کے کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے کیا وزیر اعظم سے مداخلت کا مطالبہ

Tue, 27 Sep 2016 19:49:27  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی ،27ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)کرناٹک کے کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے آج کاویری معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی سے مداخلت کرنے کی مانگ کی اور ان سے گزارش کی کہ وہ پرامن حل کے لئے دونوں ریاستوں کے وزرائے اعلی کی میٹنگ بلائیں۔لوک سبھا اور راجیہ سبھا سے تعلق رکھنے والے تقریبا 11کانگریس ممبران پارلیمنٹ نے کاویری تنازع پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف پارلیمنٹ کے احاطے میں آج گاندھی مجسمہ کے سامنے مظاہرہ کیا۔عدالت عظمی نے 20ستمبر کو کرناٹک کو ہدایت دی تھی کہ وہ تمل ناڈو کو روزانہ 6000کیوسک پانی جاری کرے۔اس نے کاویری انتظامی بورڈ کا قیام کرنے کا بھی مشورہ دیا تھا۔بنگلور دیہی حلقہ سے لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ ڈی سریش نے وزیر اعظم کو میمورنڈم دینے کے بعد کہا کہ ہم نے مودی جی سے معاملے میں فوری مداخلت کرنے اور وزرائے اعلی کی میٹنگ بلانے اور کاویری پانی تنازع کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی ہدایت دینے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کانگریس ممبران پارلیمنٹ نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ کرناٹک اور تمل ناڈو کے درمیان پانی تقسیم کے مسئلے کے حل کے لئے کاویری انتظامی بورڈ کا قیام نہیں کیا جانا چاہئے۔سریش نے کہا کہ تمل ناڈو کو پانی جاری کرنا کرناٹک کے لئے ممکن نہیں ہو گا کیونکہ گزشتہ دو سالوں سے شدید خشک سالی کے سبب اس کے ذخائر میں پانی نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے پاس پینے کے پانی کی مانگ کو پورا کرنے کے لئے بھی مشکل سے ہی پانی ہے۔ارکان پارلیمنٹ نے شکایت کی کہ وزیر اعظم نے ان کی پریشانیوں کو سننے کے لئے کافی وقت نہیں دیا۔


Share: